ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ لندن میں ہونے والے ایونٹ کو نوٹ کیا ہے، ایونٹ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے منعقد کیا گیا، یہ ایک نجی تقرب تھی، جو ہاؤس آف کامنز کے سائیڈ روم میں منعقد کی گئی، تقریب میں سیاسی جماعت نے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کے حوالے سے جرمن حکومت نے اظہار معذرت کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی قونصل خانہ جرمن انتطامیہ کے ساتھ مل کر واقع میں ملوث افراد کی گرفتاری میں تعاون کر رہا ہے۔ اس وقت حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے تبصرہ نہیں کر سکتے۔
مانچسٹر واقعے پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مانچسٹر ایئرپورٹ پر تشدد کی رپورٹس دیکھی ہیں۔ ہمارا مشن ہاکستانی برادری اور انتظامیہ سے رابطہ میں ہے، ویڈیو میں موجود نوجوان دہری شہریت کے حامل تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز کابینہ نے 126 ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزا دینے کی منظوری دی، ان ممالک کے شہریوں کےلیے 24 گھنٹے میں ویزا عمل مکمل کیا جائے گا۔