پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے لاہور کا فلائٹ آپریشن گزشتہ رات کئی گھنٹے تک متاثر رہا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق صح 3 سے 4 بجے کے دوران تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن فعال نہ رکھا جاسک، صبح 4 بجے کے بعد فلائٹس لینڈ کرسکیں۔
اس دوران 3 پروازوں کو ملتان اور پشاور اتارا گیا جبکہ دیگر غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ابوظہبی اور بحرین سے لاہور پہنچنے والی پروازوں ای وائی 242 اور پی کے 190 کو ملتان ایئرپورٹ منتقل کیا گیا، جبکہ ریاض سے پہنچنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ایکس وائی 317 کو پشاور ایئر پورٹ پر اُتارا گیا۔ بعدازاں یہ پروزیں موسم ٹھیک ہونے پر لاہور پہنچیں۔
قطر ایئر ویز کی دوحہ کی پرواز کیو آر 620 سات گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی جبکہ درجن سے زائد دیگر غیر ملکی پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ہورہی ہے۔