• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے مرحلے میں بجلی کی پیداوار کے 3 اداروں کی پرائیویٹائزیشن ہوگی، وزیر نجکاری

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پی آئی اے سمیت ڈسکوز و دیگر اداروں کی نجکاری کے حوالے سے اہم امور کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں بجلی کی پیداوار کے 3اداروں ’’ڈسکوز‘‘ کی پرائیویٹائزیشن ہوگی جس کیلئے عملی کام کا آغاز پہلے ہی کر دیا گیا ہے اور ان ڈسکوز کیلئے فنانشل ایڈوائزر لگانے سمیت جنوری2025تک تمام قانونی امور بھی مکمل کر لئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کو ہدایت کی کہ پرائیویٹائزیشن کیلئے جو ادارے اُن کے سپرد کئے گئے ہیں اُن کی جلد از جلد اور شفاف انداز میں نجکاری کو یقینی بنایا جائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بحالی اور مضبوطی کے لئے پرائیویٹائزیشن کا عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے ملکی خزانے پر پڑنے والے بوجھ میں عملی طور پر کمی ہوگی۔ عبدالعلیم خان نے بورڈ کو ہدایت کی کہ پی آئی اے کی نجکاری کو بھی کم سے کم وقت میں مکمل کر لیا جائے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے نجکاری، کمیشن کے ممبران سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ حتمی منظوری کے لئے سفارشات کابینہ کی کمیٹی سی سی او پی کو بھجوائی جائیں گی۔

ملک بھر سے سے مزید