• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی پیز کے مسئلے کو حکومت سنجیدہ لے رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

سجاول (نامہ نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے مسئلے کو حکومت سنجیدہ لے رہی ہے، صدر اور چیئرمین بلاول کی ہدایت پر سندھ حکومت نے سولر منصوبہ شروع کیا ہے، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سابق صوبائی وزیر غلام قادر ملکانی کی وفات پر تعزیت کرنے سجاول کے علاقے راج ملک پہنچے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے غلام قادر ملکانی کی وفات پر ان کے بیٹے ضلع کونسل سجاول کے چیئرمین دانش ملکانی، چچازاد بھائی صوبائی وزیر محمد علی ملکانی اور ان کے بھائی سابق صوبائی وزیر عثمان خان ملکانی سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کے مسئلے کو حکومت سنجیدہ لے رہی ہے، صدر اور چیئرمین بلاول کی ہدایت پر سندھ حکومت نے سولر منصوبہ شروع کیا ہے، جن اضلاع میں بجلی نہیں ہے انہیں پہلے ترجیع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا بحران ایک حقیقی بحران ہے، بلاول بھٹو کی ہدایت پر ہم نے بجٹ میں بجلی اور پینے کے صاف پانی پر فوکس کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم کہتے ہیں کہ ہمارے پاس سرپلس بجلی ہے جس کی کیپسٹی چارجز دینا پڑ رہے ہیں، اس کے باوجود 12/16گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ بجلی کے استعمال کا طریقہ نکالیں لوگوں تک بجلی پہنچائیں، صنعتیں لگائیں بجلی بھی استعمال ہوگی اور روزگار بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی پر پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے، پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ چاہتی کیا ہے، جو پہلے نیوٹرل کے حوالے سے کہتے تھے اب وہ بدل رہے ہیں، پی ٹی آئی کا اسٹبلشمنٹ کے نام پیغام اچھی بات ہے۔ پی ٹی آئی کو اپنی لائن صاف کرنی پڑے گی اور پی ٹی آئی کو ایک سیاسی جماعت بن کر آنا ہوگا، آئین کا حلف دفاع کا لیتے ہیں تو مطلب ملک کا دفاع ہوتا ہے، ملک کی سالمیت اور تحفظ پر کوئی بات نہیں ہوسکتی، ہر ایک کو اس کے بارے میں سوچنا ہوگا چاہے اسٹبلشمنٹ ہو میڈیا ہو سیاستدان ہوں ملک کا استحکام سب سے آگے رکھنا ہوگا۔
ملک بھر سے سے مزید