• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لائن لاسز کم کرنے کیلئے ذمہ داران تبدیل ہونگے

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لائن لاسز کم کرنے کیلئے ذمہ داران تبدیل ہونگے،سب سے زیادہ لائن لاسز پشاور فاٹا‘ سکھر‘ حیدرآباد‘ کوئٹہ‘ سب سے کم آئیسکو کے ہیں ، وزارت توانائی پاور ڈویژن نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سربراہان کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ بجلی چوری‘ بجلی کے فرضی بل بھجوانے اور لائن لاسز کو کم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کریں اور اسکی ماہانہ رپورٹ وزارت پاور ڈویژن کو باقاعدگی سے بھیجیں۔ اس سلسلے میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ جن بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز لائن لاسز کم کرنے کی طرف توجہ نہیں دے رہے اُنکی جگہ پر متحرک‘ فعال اور دیانتدار چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز کی تعیناتی شروع کی جائے۔ جن بجلی کمپنیوں کے چیئرمین اور سی ای اوز 60سال کی عمر پوری کر چکے ہوں‘ اُنکی جگہ پاور ڈویژن باصلاحیت چیئرمین اور سی ای اوز مقرر کریگی۔ ادہر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع اٹک‘ جہلم‘ چکوال‘ تلہ گنگ‘ مری میں بجلی سپلائی کرنے کے نظام کو لیک پروف بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید