اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان کیلئے تیار کئے جانے والے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس حنین کی کمیشننگ کی پروقار تقریب ہوئی جس کا انعقاد رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹینٹا پورٹ (Constanta Port) میں ہوا۔ پاکستان کے امیر البحر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف ‘ چیف آف ڈیفنس سٹاف رومانیہ‘ نیوی کے چیف وائس ایڈمرل نے خطاب کیا ، تقریب میں رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل گورگیٹا پلاڈ (Gheor Ghita) اور رومانیہ نیوی کے چیف آف وائس ایڈمرل می ہائی پنانٹ خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ کمیشننگ کی تقریب میں پاکستان ‘ رومانیہ کے علاوہ ہالینڈ کے اعلیٰ عہدیدار اور رومانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے شرکت کی۔ پی این ایس حنین کا نام پاکستان نیوی نے غزوہ حنین کی مناسبت سے رکھا ہے۔ یہ کثیر المقاصد انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وار فیئر اینٹی شپ اور اینٹی وار فیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق یہ جنگی جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشن سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت کا حامل ہے۔ پاکستان نیوی میں پی این ایس حنین کی شمولیت سے میری ٹائم سکیورٹی کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں‘ دور دراز بین الاقوامی پانیوں میں موجودگی اور آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ یہ بات امیر البحر پاکستان ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں کہی۔