پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے بتایا ہے کہ ان کی نانی کو لفظ ’یار‘ کہنے سے شدید نفرت تھی۔
ماہرہ خان کے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں اُنہیں اپنی نانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وہ اس وائرل ویڈیو کلپ میں اپنی نانی کے بارے میں یہ بتاتے ہوئے نظر آ رہی ہیں کہ میری نانی کو لفظ ’یار‘ بہت بُرا لگتا تھا، شاید نانی کے زمانے میں کوئی یہ لفظ کہتا ہوگا جس کی وجہ سے اُنہیں لفظ ’یار‘ سے شدید نفرت تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں بات کرتے ہوئے’یار‘ لفظ بہت استعمال کرتی تھی، کبھی امیّ کو یار کہتی تھی تو کبھی نانی کو اور اُس وقت مجھے معلوم نہیں تھا کہ نانی کو یہ لفظ پسند نہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ ایک دن میں ایسے ہی بہت پُرجوش انداز میں باتیں کر رہی تھی تو نانی نے مجھ سے غصّے سے پوچھا کہ تمہیں لفظ ’یار‘ کا مطلب معلوم ہے؟ تو میں نے جواب دیا کہ ’نہیں‘۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ میرا جواب سننے کے بعد نانی نے کہا جس دن تمہیں اس لفظ کا مطلب پتہ چل جائے تب میرے پاس آنا۔
واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان کی نانی کا انتقال نومبر2021ء میں ہوا تھا وہ اپنی نانی سے بہت قریب تھیں اس لیے اکثر اپنے انٹرویوز میں وہ نانی کو یاد کرتی نظر آتی ہیں۔