ہندی اور بنگالی فلموں کی ماضی کی معروف اداکارہ موشومی چٹرجی نے کہا کہ بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن فلمی دنیا میں کامیابی کے بعد تبدیل ہوگئے، انکا کہنا تھا کہ جب آپ کامیاب ہوتے ہیں اور پھر ویسا ہی رویہ بھی ہوجاتا ہے۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی 76 سالہ اداکارہ نے ان خیالات کا اظہار ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کیا، 1970 کے عشرے میں بہت زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کی شہرت رکھنے والی موشومی چٹرجی کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے گزشتہ چھ دہائیوں کے دوران امیتابھ کا عروج پھر زوال اور اس کے بعد دوبارہ عروج دیکھا۔
یاد رہے کہ امیتابھ اور موشومی نے کئی فلموں میں اکٹھے کام کیا جن میں نریندرا بیدی کی بے نام (1974)، منوج کمار کی روٹی، کپڑا اور مکان (1974) اور باسو چٹرجی کی 1979 کی بلاک بسٹر فلم منزل شامل ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن نے اپنے ابتدائی سالوں میں بہت جدوجہد کی، تاہم جب وہ سپر اسٹار بن گئے، تو میں نے نوٹ کیا کہ وہ بدل گئے ہیں۔
موشومی کا مزید کہنا تھا کہ یہ تبدیلی مثبت نہیں تھی۔ ایک ایسا بھی وقت تھا جب انکے بھائی اجیتابھ انکے لیے کار کا انتظام کرتے جو انھیں سیٹ سے پک کرتا، وہ بہت خاموش طبع انسان تھے، اکیلے بیٹھتے اور ہیئر ڈریسر کے ساتھ لنچ کرتے تھے۔
واضح رہے کہ امیتابھ اور موشومی 2015 کی فلم پیکو میں ایک ساتھ کام کرتے نظر آئے تھے۔