نجی موسمیاتی ادارے کے مطابق ہوا کا کم دباؤ وسطی بھارت پر موجود ہے اور گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے۔
کراچی سے نجی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمر کوٹ، مٹھی اور دیگر مقامات پر آج رات سے بارش ہوسکتی ہے۔
کل شام سے منگل کی شام تک کراچی میں اچھی بارش کا امکان ہے۔ اس دوران معتدل اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے اور جمعرات تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان رہے گا۔
کراچی کے مختلف مقامات پر 30 سے 50 اور کہیں 100 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ آج رات سے سندھ پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ان ہواؤں کے زیر اثر پیر اور منگل کو آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درمیانی اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان بھی ہے۔