وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ’فچ‘ کی طرف سے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور معاشی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی کا ثمر آج معاشی بہتری کی صورت میں ملک اور قوم کو مل رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلس ہونا درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر دن رات کام کر رہے ہیں، اس کے ثمرات عوام تک پہنچاکر دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فچ اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی رپورٹس پاکستان کی معاشی بہتری کیلئے اہم ہیں، پاکستان کی معاشی بہتری کے راستے پر مزید محنت اور جذبے سے آگے بڑھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے آئی ایم ایف کے نئے پروگرام سے پاکستان کی معاشی بہتری اور سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا، اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کا اعلان بھی معاشی بہتری کی ایک اور جھلک ہے۔