• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں کل بعد نماز جمعہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی

اسماعیل ہنیہ: فوٹو فائل
اسماعیل ہنیہ: فوٹو فائل

پاکستان بھر میں کل بعد نماز جمعہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

حکومت نے فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کی مذمت کے طور پر کل پاکستان بھر میں یوم سوگ منانے کا فیصلہ کیا ہے، پورے ملک میں کل بعد از نماز جمعہ اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی، قومی اسمبلی میں خصوصی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم، آئی پی پی، مسلم لیگ ق، مسلم لیگ ضیاء اور نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل بعد از نمازِ جمعہ پورے ملک میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی، پارلیمنٹ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی قرارداد پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء نے فلسطین میں 9 ماہ سےنہتے لوگوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی بھی کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید