لاہور کے علاقے کاہنہ میں پراپرٹی ڈیلر کو اغواء کرنے کے الزام میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت 5 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج درج کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت 5 پولیس اہلکاروں کے خلاف ڈکیتی اور اختیارات سے تجاوز کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا، پراپرٹی ڈیلر واجد علی کو حبس بے جا میں رکھ کر تاوان وصول کرنے کا واقعہ کاہنہ میں پیش آیا۔
ایف آئی آر کے مطابق اے ایس آئی عبدالرشید نے مبینہ طور پر ڈیلر کو گھر سے حراست میں لیا، پولیس اہلکاروں نے تھانے لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اے ایس آئی نے زبردستی موبائل بینک ایپ سے رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کی، رقم منتقلی کے بعد جوا کروانے کا جھوٹا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، حقائق سامنے آنے پر محکمانہ کارروائی ہوگی۔