”مجھے آپ میں سے ہر ایک پر فخر ہے۔ ہم آج یہاں اس لیے ہیں کیونکہ آپ میں سے ہر ایک نے بلند ہو کر کہا کہ ہاں ہم سیکھ سکتے ہیں، ہاں ہم کامیاب ہو سکتے ہیں۔ آپ نے فیصلہ کیا کہ آپ کی تعریف اس بات سے نہیں ہوگی کہ آپ کہاں سے آئے ہیں بلکہ اس بات سے ہوگی کہ آپ کہاں جانا چاہتے ہیں، آپ جو کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں اس سے، ان خوابوں سے جنکو آپ کو پورا کرنے کی امید ہے۔ ہم آج یہاں ایسے وقت میں جمع ہوئے ہیں جب ہماری زندگی کی بنیادیں اور پرانا نظام ہل چکے ہیں، پرانے خیالات اور ادارے ٹوٹ چکے ہیں اور ایک نئی نسل کو دنیا کی تعمیر نو کے لیے بلایا جا رہا ہے۔ اور جب میں جوان کہتا ہوں تو مجھے واضح کر دینا چاہئے کہ میں صرف آپ کے پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تاریخ کا حوالہ نہیں دے رہا ہوں۔ میں زندگی کے ایک نقطہ نظر کے بارے میں بات کر رہا ہوں – دماغ اور دل کے معیارکی بات کررہا ہوں۔
ہمیں آپ کی ضرورت ہے، ہمیں آپ جیسے لوگوں کی ضرورت ہے جو آگے آئیں۔ ہمیں آپ کی جرأت، آپ کے جوش و خروش، آپ کی توانائی، اور آپ کی تخلیقی صلاحیت کی ضرورت ہے۔ ہمیں ضرورت ہے کہ آپ اپنے جذبے کا پیچھا کریں چاہے وہ دولت اور شہرت کی طرف لے جائے یا نہ لے جائے۔ ہمیں ضرورت ہے کہ آپ روایتی خیالات پر سوال اٹھائیں اور پرانے اصولوں پر نظرثانی کریں۔ ہمیں ضرورت ہے کہ آپ روایتی حیثیت اور عزت کی تمام علامتوں کی پروا نہ کریں، بلکہ اس کے بجائے ان چیزوں کی طرف مائل ہوں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہوں، جس سے دوسروں کی مدد ہو اور جو اس دنیا میں فرق ڈالے۔ ہم دو جنگوں اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی، ایٹمی پھیلاؤ، اور وبائی امراض کے خطرات قومی حدود کو چیلنج کرتے ہیں۔
آپ میں سے بہت سے لوگ یہ چیلنجز ذاتی طور پر بھی محسوس کر رہے ہونگے۔ شاید، آپ اب بھی نوکری کی تلاش میں ہیں۔ آپ یہ جاننے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں کہ کیریئر کا کون سا راستہ آپ کیلئے ٹھیک ہوگا۔اب، ان چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے، کامیابی کے ان فارمولوں پر واپس جانا پرکشش ہو سکتا ہے جو حالیہ برسوں میں کثرت سے پیش کیے گئے ہیں۔ یہ کچھ یوں ہے: ہم بہت بار خارجی یا مادی چیزوں کو اس بات کے اشارے کے طور پر مان لیتے ہیں کہ ہم اچھا کر رہے ہیں، حالانکہ ہمارے اندر کی کوئی چیز ہمیں بتاتی ہے کہ ہم اپنی پوری کوشش نہیں کر رہے ہیں، اس چیز سے گریز کر رہے ہیں جو مشکل ہے لیکن ضروری بھی ہے، کہ ہم دور کے چیلنجوں کی طرف بڑھنے کے بجائے سکڑ رہے ہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ اس نئے انتہائی مقابلے کے دور میں ہم میں سے کوئی بھی اطمینان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ یہ بات آپ جس بھی پیشے کا انتخاب کریں،کے لئے درست ہے۔
پروفیسرز کو مدت ملازمت کا امتیاز تو حاصل ہوسکتا ہے لیکن یہ اس بات کی ضمانت نہیں دیتا ہے کہ وہ گھنٹوں اور دیر رات تک کام کرتے رہیں گے اور عظیم اساتذہ بننے کا جذبہ اور تحریک رکھتے ہونگے۔ یہی اصول آپ کی ذاتی زندگی پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ والدین ہونا صرف بلز ادا کرنے اور کم از کم ضروریات پوری کرنے کا نام نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ بچے کو دنیا میں لانا ہی کافی نہیں ہے۔بلکہ ان کی تربیت، تعلیم، اور انہیں مواقع فراہم کرنے کے لیے محنت اور قربانی کی ضرورت ہوتی ہے۔
میں یہاں صدر کی حیثیت سے اس تعلیم کی وجہ سے کھڑا ہوں جو میں نے حاصل کی تھی۔ میں جانتا ہوں کہ اسکول میں اچھا کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ اس وقت آپ میں سے بہت سے لوگوں کی زندگی میں چیلنجز ہیں۔ میرے والد نے جب میں دو سال کا تھا، ہماری فیملی چھوڑ دی اور مجھے ایک ایسی والدہ کے زیر تربیت پالا گیا جو کام کرتی تھیں اور کبھی کبھار بلز ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتی تھیںاور ہمیشہ ہمیں وہ چیزیں نہیں دے پاتی تھیں جو دوسرے بچوں کو ملتی تھیں۔ ایک وقت تھا جب میں نے اپنی زندگی میں والد کی کمی محسوس کی۔ ایک وقت تھا جب میں اکیلا تھا اور مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ میں اس معاشرے میں فٹ نہیں ہوں لہذا میں ہمیشہ اسکول میں اتنی توجہ مرکوز نہیں کرتا تھا جتنا مجھے کرنا چاہئے تھا اور میں نے کچھ ایسے کام کیے جن پر مجھے فخر نہیں ہے۔ جن سے میں اس سے کہیں زیادہ مشکل میں پڑ گیا تھا۔ میری زندگی آسانی سے بدترین موڑ لے سکتی تھی لیکن میری ماں میرے دادا دادی نے مجھے آگے بڑھنے پر مجبور کیا۔ میں خوش قسمت تھا،مجھے بہت سے دوسرے مواقع ملے۔ مجھے کالج اور لااسکول جانے اور اپنے خوابوں کی پیروی کرنے کا موقع ملا۔
آپ اپنے ماضی کو اپنی مایوسی کا ذریعہ نہیں بنا سکتے۔ آپ کو اس سے حوصلہ ملنا چاہئے،یہاں ہر کسی کے پاس بتانے کے لئے اس طرح کی ایک انوکھی کہانی ہے۔ آپ میں سے ہر ایک جانتا ہے کہ یہاں تک پہنچنے کے لیے کیا کچھ کرنا پڑا۔ لیکن اس سنگ میل تک پہنچنے میں اس ہال میں ہر گریجویٹ کا ایک مشترکہ سبق ہے۔ یہ اہم نہیں کہ آپ کہاں ہیں یا آپ کیا ہیں۔ یہ اہم ہے کہ آپ کون ہیں؟ ۔ سچ تو یہ ہے کہ آج یہاں کوئی بھی گریجویٹ آسانی سے نہیں آیا۔ آپ میں سے کسی کو بھی یہ چیز چاندی کی پلیٹ پر پیش نہیں کی گئی۔ آپ نے اس کے لیے محنت کی۔آپ نے اسے کمایا۔ سب سے بڑھ کر، آپ کو اپنے آپ پر یقین کرنا پڑا۔“
(سابق امریکی صدر اوباماکے طالب علموں کے خطابات سے اقتباسات)
(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)