حافظ آباد میں ہوٹل کی لفٹ ٹوٹ کر نیچے گرنے سے اس میں سوار سول جج ساجد بلال اور اہلیہ زخمی ہوگئیں، دونوں کو تشویشناک حالت میں فیصل آباد بھیج دیا گیا۔
حافظ آباد میں یہ واقعہ گزشتہ رات اس وقت پیش آیا تھا جب سول جج ساجد بلال سدھو اپنی اہلیہ کے ہمراہ کھانا کھانے ایک ہوٹل میں آئے تھے۔
سول جج اور ان کی اہلیہ لفٹ کے ذریعے بالائی منزل پر جا رہے تھے کہ اچانک لفٹ ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں سول جج کی دونوں ٹانگیں فریکچر ہوگئیں جبکہ ان کی اہلیہ بھی شدید زخمی ہوگئیں۔
ریسکیو نے زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کیا جہاں سے انہیں اب تشویشناک حالت میں فیصل آباد ریفر کردیا گیا۔
زخمی ہونے والے سول جج کا کہنا تھا کہ ہوٹل کی بالائی منزل پر جانے کیلئے وہ سیڑھیاں استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن ہوٹل کے گارڈز نے انہیں لفٹ کے ذریعے جانے کو کہا اور بالائی منزل کے قریب لفٹ ٹوٹ کر نیچے گرگئی۔
دوسری جانب حادثے کے بعد مقامی انتظامیہ نے ہوٹل کو سیل کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا۔