بنگلادیش میں عوام نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا تختہ الٹ دیا، حسینہ واجد وزارتِ عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہوگئیں۔
شیخ حسینہ واجد کے بھارت فرار ہونے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی، حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کےلیے آرمی چیف نے 45 منٹ کا وقت دیا تھا، جس کے بعد وہ فوجی ہیلی کاپٹر میں بھارت روانہ ہوگئيں۔
بھارت روانگی سے قبل حسینہ واجد کو تقریر بھی ریکارڈ نہیں کروانے دی گئی۔
شیخ حسینہ کے استعفیٰ دینے کے بعد ہزاروں شہری ڈھاکا کی سڑکوں پر آگئے، طلبا نے جشن منایا، نعرے بازی کی، سجدہ شکر اور نوافل بھی ادا کی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پرتشدد مظاہروں میں بنگلادیش میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ کوٹا سسٹم کے خلاف ایک ماہ سے جاری مظاہروں میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 300 سے زیادہ ہوگئی۔