بنگلادیش میں سب سے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والی شیخ حسینہ واجد کے اقتدار کا سورج 16 سال بعد ڈوب گيا۔
شیخ حسینہ واجد 2009 سے مسلسل اقتدار میں تھیں، وہ رواں سال جنوری میں چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہوئيں لیکن بنگلادیش کے آخری انتخابی عمل میں اپوزيشن کا مکمل بائيکاٹ رہا۔
اس سے پہلے حسینہ واجد 3 بار اپوزيشن لیڈر بھی رہیں، حسینہ واجد کو دنیا ميں سب سے طویل عرصے تک حکومت کرنے والی خاتون سربراہ کا اعزاز حاصل رہا۔
76 سالہ حسینہ واجد بنگلادیش کے پہلے صدر شیخ مجیب الرحمان کی صاحبزادی ہیں۔
واضح رہے کہ کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
بنگلادیش کے آرمی چیف نے وزیراعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش میں کوٹا سسٹم کےخلاف ایک ماہ سے جاری مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد300 ہو گئی۔
ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذہے، ریلوے سروسز غیر معینہ مدت کیلئے معطل اور گارمنٹ فیکٹریاں بھی بند ہیں۔
حالیہ احتجاج کے دوران دوسری بار حکومت نے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سروسز بند کر دیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور واٹس ایپ سروس بھی معطل ہیں۔