گوجرانوالہ،لاہور(جنگ نیوز،کورٹ رپورٹر)9 مئی توڑ پھوڑ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی رہنما عالیہ حمزہ کو سینٹرل جیل گوجرانوالا سے رہا کردیا گیا۔گوجرانوالا کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 31جولائی کو عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کی تھی۔عدالتی حکم پر گزشتہ روز عالیہ حمزہ کی طرف سے 50ہزار روپےکے مچلکے جمع کرادیےگئے جس کے بعد ان کو رہا کردیا گیا۔ اس موقع پر سینٹرل جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ کو 29اگست تک کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہےکہ کوئی بھی ایجنسی عالیہ حمزہ کو ہائی کورٹ کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کرےگی۔ حمزہ جمیل نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عالیہ حمزہ پر سیاسی مقدمات درج کئے گئے، ایک مقدمے میں ضمانت کے بعد دوسرے مقدمے میں نامزد کیا جاتا ہے۔