پیرس اولمپکس میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے آج نوازا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق میڈل دیے جانے کی تقریب رات 10 بجے شروع ہوگی۔
میڈل تقریب میں ارشد ندیم سمیت پیرس اولمپکس کے 13ویں روز فائنل جیتنے والے کھلاڑیوں کو میڈل دیے جائیں گے، میڈل دینے کی تقریب آئفل ٹاور کے قریب چیمپئنز پارک میں ہوگی۔
گزشتہ رات ارشد ندیم نے جیولن تھرو فائنل میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو پھینک کر اولمپکس ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔
ذرائع کے مطابق ارشد ندیم فوری وطن واپس آنے کے خواہشمند ہیں، پاکستانی اسٹار اور ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کا کل پاکستان روانہ ہونے کا امکان ہے۔
پیرس اولمپکس میں پاکستان کےلیے گولڈ میڈل جیتے والے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ وہ ردھم میں تھے اور پرامید تھے کہ گولڈ میڈل جیتیں گے، گولڈ میڈل کے ساتھ 14 اگست منائیں گے۔
گولڈ میڈل جیتنے کے بعد اپنے بیان میں ارشد ندیم نے کہا کہ آج میرا دن تھا، میں اس سے زیادہ دور بھی تھرو کرسکتا تھا۔
انہوں نے کامیابی پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اپنے کوچ کا شکریہ ادا کیا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ میں پُرامید تھا کہ جتنی دور تھرو کی اس سے گولڈ میڈل جیت سکوں، پُرامید تھا کہ آج کچھ کر جاؤں گا۔