اسرائیل نے جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں حماس کے ایک عہدیدار کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں حماس کے ایک عہدیدار کو شہید کر دیا ہے، جس کے بعد علاقے میں وسیع پیمانے پر کشیدگی برقرار ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کی بمباری کا سلسلہ رکنے میں نہیں آرہا، اسرائیلی فورسز نے جنوبی غزہ میں تقریباً 30 مقامات پر حملے کیے ہیں، جس کے بعد خان یونس سے ہزاروں فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
ادھر قطر، مصر اور امریکہ کے رہنماؤں نے اسرائیل اور حماس کو 15 اگست کو جنگ بندی کیلئے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی دعوت دی ہے، جبکہ اسرائیل نے اس دعوت کو قبول کر لیا ہے، تاہم حماس نے ابھی تک اس پر ردعمل نہیں دیا ہے۔
اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے نتیجے میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک کم از کم 39,699 افراد شہید اور 91,722 زخمی ہوگئے ہیں۔