• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وادی تیراہ: فورسز اور خوارج میں فائرنگ کا تبادلہ، 4 دہشتگرد ہلاک، 3 جوان شہید

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان وادی تیراہ میں 3 مختلف مقامات پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی تیراہ میں فائرنگ میں 4 خواج سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے باعث ہلاک ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں مزید خوارج کی تلاش اور خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ شہداء میں حوالدار انعام گل، سپاہی محمد عمران اور سپاہی الطاف خان شامل ہیں۔

37 سالہ انعام گل کا تعلق میانوالی، 29 سالہ محمد عمران کا تعلق ٹانک اور 22 سالہ محمد الطاف خان کا تعلق مردان سے ہے۔

حوالدار انعام گل شہید نے پاک فوج میں 15 سال 6 ماہ دفاع وطن کی خدمات سرانجام دیں، انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

سپاہی محمد عمران شہید نے پاک فوج میں 9 سال دفاع وطن کی خدمات ادا کیں، انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

سپاہی محمد الطاف خان شہید نے 2 سال وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا، انہوں نے سوگواران میں والدین اور ایک بہن چھوڑی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید