انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
اے ٹی سی لاہور میں جج خالد ارشد نے جناح ہاؤس، تھانہ شادمان اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں ضمانتوں پر سماعت کی۔
عدالت نے ملزمان حافظ فرحت عباس اور امتیاز محمود کی ضمانت عدم پیروی پر خارج کردی۔
اے ٹی سی لاہور نے سماعت کے دوران فواد چوہدری، اسد عمر، مسرت جمشید اور اُن کے شوہر جمشید اقبال چیمہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی۔
دوران سماعت جناح ہاؤس حملہ کیس میں 43 ملزمان کی ضمانتوں میں 7 ستمبر تک توسیع کا حکم جاری کیا گیا جبکہ تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس میں 11 ملزمان کی ضمانتوں میں 11 ستمبر تک توسیع دے دی گئی۔
اے ٹی سی لاہور میں زمان پارک کے سامنے جلاؤ گھیراؤ کیس میں 12 ستمبر تک توسیع کا حکم دیا گیا جبکہ عسکری ٹاؤر جلاؤ گھیراؤ کیس میں 17 ملزمان کی ضمانتوں میں 13 ستمبر تک توسیع دی گئی۔
ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ، تھانہ شادمان اور تھانہ گلبرگ میں مقدمات درج ہیں۔