• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی: ارشد ندیم اور اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قرارداد منظور



پنجاب اسمبلی : فوٹو فائل
پنجاب اسمبلی : فوٹو فائل

اقتلیتوں کے قومی دن پر پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں اور اسماعیل ہنیہ کے قتل پر مذمتی قرارداد اور قومی ہیرو ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرار دادیں بھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔

اقتلیتوں کے قومی دن پر پنجاب اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں غیر ملکی سفیروں نے بھی شرکت کی۔ وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا اور اقلیتی رکن شکیلہ جاوید نے اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قراردادیں پیش کیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ 11 اگست کا دن اقلیتوں کیلئے مخصوص کیا گیا جو تاریخی اقدام ہے۔

رمیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں اس لیے اسپیشل اجلاس بلایا گیا۔ مذہبی ہم آہنگی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کا احساس محرومی دور کرنے کےلیے اقدامات کر رہی ہے، پنجاب میں بھی ہندو میرج ایکٹ پاس کروائیں گے، مسیحی برادری کےلیے کرسچن پرسنل لاء بھی لارہے ہیں۔ گرجا گھروں، گردواروں اور مندروں کیلئے فنڈز رکھ دیے گئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان نے غزہ پر اسرائیلی حملوں اور اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر مذمتی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ پاکستانی عوام غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں حکومتی رکن سمیع اللّٰہ خان نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

 قرارداد میں کہا گیا کہ ارشد ندیم گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں جس سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا، لہٰذا انہیں قومی ہیرو قرار دیا جائے۔

وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے مسودہ قانون انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن پنجاب 2024ء بل ایوان میں پیش کیا۔

حکومتی رکن امجد علی جاوید نے ایوان میں پیش کیے جانے والے مسودہ کو انگریزی کے بجائے اردو میں بھی پیش کرنے کی استدعا کی جس پر اسپیکر نے رولنگ دی کہ آئندہ ایوان میں انگریزی کے ساتھ اردو میں بھی مسودہ پیش کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید