• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی ٹکٹوں کی تفصیلات کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی ٹکٹوں کی تفصیلات کا اعلان کر دیا گیا، شائقین کی سہولت کے لیے سیزنل پاس بھی متعارف جس پر 15 فیصد ڈسکاؤنٹ ہوگا۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے ٹکٹ 13 اگست سے PCB.tcs.com.pk پر شام 5 بجے آن لائن فروخت ہوں گے، اس کے علاوہ شائقین کی سہولت کے لیے فزیکل ٹکٹ 16 اگست سے صبح 9 بجے کے بعد مختلف آؤٹ لیٹس پر دستیاب ہوں گے۔

یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3 ستمبر تک کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیسٹ میچوں کے ٹکٹس سستے ریٹ پر رکھے گئے ہیں، کم از کم قیمت 50 روپے (کراچی میں جنرل انکلوژر/ وسیم باری انکلوژر) سے شروع ہے اور کراچی میں ڈھائی لاکھ روپے (مکمل ہاسپٹلٹی باکس) تک ہے۔

اس کے علاوہ میچ کے مقامات کے باہر باکس آفیسز دونوں اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ سے دو دن پہلے کام کریں گے۔

شائقین کی سہولت کے لیے ایک سیزنل پاس متعارف کرایا گیا ہے، اگر وہ ٹیسٹ میچ کے لیے پانچ دن کا پاس خریدتے ہیں تو انہیں 15 فیصد رعایت دی جائے گی۔ 5 روزہ میچ کے جلد ختم ہونے کی صورت میں باقی دنوں کے ٹکٹ کے پیسے شائقین کو واپس کر دیے جائیں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریمیم انکلوژرز ( میراں بخش، سہیل تنویر اور یاسر عرفات) کے ٹکٹ شائقین کے لیے 200 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان اور جاوید میانداد) کے ٹکٹس 500 روپے میں دستیاب ہوں گے اور ویک اینڈ پر یہ 600 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گیلری پاس، جس میں دوپہر کا کھانا اور چائے شامل ہے 2800 روپے میں دستیاب ہو گا جبکہ پلاٹینم باکس جس میں لنچ اور چائے بھی شامل ہے 12500 روپے میں دستیاب ہوگا اور شائقین 2 لاکھ روپے میں مکمل ہاسپٹلٹی باکس حاصل کر سکتے ہیں۔

کراچی میں فرسٹ کلاس انکلوژرز ( آصف اقبال، ماجد خان، وقار حسن اور ظہیر عباس) کے ٹکٹس 100 روپے میں دستیاب ہوں گے، شائقین کو پریمیم انکلوژرز (عمران خان اور وسیم اکرم) کے لیے 200 روپے ادا کرنے ہوں گے جبکہ وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود، حنیف محمد اور جاوید میانداد) 400 روپے اور ویک اینڈ میں 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

کراچی میں ہر ہاسپیٹلٹی باکس سیٹ (بشمول لنچ اور چائے) کی قیمت 12500 روپے ہوگی جبکہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پلاٹینم کا شیئرڈ باکس اسی قیمت پر دستیاب ہو گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید