چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا بیان دینے کے معاملے پر سندھ حکومت نے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا۔
سندھ حکومت نے شیخ رشید کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 25 جون کا فیصلہ خلافِ قانون ہے جسے کالعدم قرار دیا جائے۔
سندھ حکومت کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیمبر میں سماعت کر کے جج نے اپنا مائنڈ اپلائی نہیں کیا، شیخ رشید نے میڈیا کے سامنے بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال ملک میں صورتحال کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے، ہائیکورٹ کا مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ خلافِ قانون ہے اور مزید تحقیقات کا تقاضا کرتا ہے۔
سندھ حکومت کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے، ایک جرم ہونے کی صورت میں دوسرے مقام پر اثرات کی بنیاد پر کارروائی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ شیخ رشید پر بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔