• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ندیم کی کامیابی نے ملک کی خاطر کچھ کرنے کیلئے ہم سب کو متحرک کیا، شان مسعود

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی کامیابی نے پاکستان کےلیے کچھ کرنے کےلیے سب کو متحرک کیا۔

پی سی بی پوڈ کاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے ہم سب کو جذباتی کردیا، پوڈیم پر پرچم لہرانا اور اولمپک بیل بجانا بڑا شاندار تھا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی نے پاکستان کےلیے کچھ کرنے کےلیے سب کو متحرک کیا۔ اگلے چار سے پانچ ماہ کے دوران 9 ٹیسٹ میچز کھیلنے کےلیے پُرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل یہ ایک سال کے دوران کبھی نہیں ہوا، دلچسپ بات یہ ہے کہ موجودہ اسکواڈ میں چھ ایسے فاسٹ بولرز ہیں جو پلئینگ الیون میں شامل ہونے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔

کپتان شان مسعود نے کہا کہ 2019 سے اب تک ہمیں ہوم گراؤنڈز پر کھیلنے کا اپنا انداز نہیں ملا، دیگر ٹیمیں اپنے ہوم گراؤنڈز پر لمبے عرصے سے کھیل رہی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ہمیں آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ کی طرح ہوم گراؤنڈ کو اپنا قلعہ بنانا ہے۔ ہم اپنے ہوم گراؤنڈز کو دوسروں کےلیے ایک چیلنجنگ جگہ بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں انگلینڈ کی صرف باز بال اپروچ کو ہی نہیں سراہتا لیکن ان کی ٹیلنٹ کی شناخت کر کے اسے موقع دینے کی اپروچ کو بھی سراہتا ہوں۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ عظیم ٹیموں کا ڈریسنگ روم کلچر بھی ان کی کامیابی کا باعث بنتا ہے۔ 

ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا کہ ارشد ندیم کا ہمارے ڈریسنگ روم میں آنا اور گولڈ میڈل شئیر کرنا شاندار ہو گا۔

ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ ابرار احمد اپنے کیریئر کے آغاز میں ایک عمدہ نوجوان بولر ہیں، سلمان علی آغا کو ہم ایک اچھا اسپیشلسٹ اسپنر سمجھتے ہیں۔

کوچ نے کہا کہ بیرون ملک کھیلنے کا کھلاڑیوں کو مالی طور پر فائدہ ہوتا ہے۔اگر کھلاڑیوں کو بیرون ملک کھیل کر پاکستان کےلیے ایک بہتر کرکٹر بننے کا موقع ملتا ہے تو انہیں ان مواقع کو زیر غور لانا چاہیے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید