بنگلادیش کے قائم مقام وزیر خارجہ محمد توحید حسین نے کہا ہے کہ بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے توحید حسین کا کہنا تھا کہ قیاس آرائیاں نہیں کرنا چاہتے لیکن شیخ حسینہ کو کئی مقدمات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اور قانون نے کہا تو بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کریں گے۔
قائم مقام وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ بھارتی حکومت کےلیے ایک شرمناک صورتحال ہے، بھارت بخوبی جانتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ بھارت اس مطالبے کا احترام کرے گا۔
ادھر غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے توحید حسین کے بیان پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ تقریباً 16 سال تک اقتدار میں رہنے والی شخ حسینہ واجد 5 اگست کو آرمی چیف کی ڈیڈلائن کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوکر نئی دہلی روانہ ہوگئی تھیں۔
علم میں رہے کہ حسینہ واجد اور انکی حکومت کے خلاف طلبہ سراپا احتجاج تھے اور یہ احتجاج بعد میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہوا جس کے باعث سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 400 سے زائد افراد جان سے گئے۔