سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اور اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے۔
صدر ن لیگ نواز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن لاہور میں پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں عوام کو مہنگائی خاص طور پر بجلی کے مہنگے بلوں میں ریلیف دینے پر غور کیا گیا۔
اپنے خطاب میں صدر ن لیگ نواز شریف نے کہا کہ مہنگے بجلی کے بل عوام کےلیے ناقابل برداشت ہیں، پی ٹی آئی کی لائی تباہی مہنگائی اور مہنگے بل لائی، عوام ہم سے ریلیف کی توقع کرتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ یہ ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے، مشکل ترین حالات میں عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا، معاشی استحکام واپس لانے کےلیے سیاسی قربانی آپ کی حب الوطنی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکلات سے راستہ نکالا ہے، اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدوخال سے آگاہ کیا۔
قومی معاشی پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد وزیراعظم پارٹی صدر کو بریف کریں گے۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کےلیے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرلیا ہے۔