متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے مریم نواز کے قیمتی مشورے پر شکریہ کہہ دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مریم نواز کے بیان پر ردعمل میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیاری مریم بی بی، آپ کے قیمتی مشورے کا شکریہ!۔
ایم کیو ایم رہنما نے اپنے اس بیان کے ساتھ وزاعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن ) کی قیادت کو بھی مخاطب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہماری سندھ حکومت کا حسن اخلاق اور برتاؤ پچھلے 15 سالوں سے اتنا ہی اچھا ہوتا تو ہمیں کیا ضرورت تھی کہ 2024 کے الیکشن سے 4 ماہ قبل ہم لاہور آ کر آپ کی پارٹی کے ساتھ غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے جس پر آج تک ہم قائم ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے یہ بھی کہا کہ میں نے آج اپنی پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت سے درخواست نہیں کی بلکہ ریاست پاکستان کے سربراہ وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ خدارا سندھ بالخصوص کراچی پر رحم کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ ہمیں بھی پاکستان میں برابر کا شہری سمجھ کر جینے کا حق دیں کیونکہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پچھلے کئی ماہ سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتوں میں بارہا اس بات کی طرف توجہ دلائی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے سندھ بالخصوص کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے رہنے والوں کےلیے آسانیاں پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھا، ہم صرف انہی وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔