وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دادو میں غربت کے باعث کم عمر بچیوں کی شادیوں کا نوٹس لے لیا۔
مراد علی شاہ نے خان محمد ملا گوٹھ میں 45 لڑکیوں کی رقم کے عوض شادی پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہےکہ کمشنر حیدر آباد اس معاملے کی سماجی، معاشی اور قانونی وجوہات بتائیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کمیٹی بنا کر گوٹھ میں تفصیلی انکوائری کریں اور رپورٹ دیں، یہ بھی بتایا جائے کیا بیاہی گئی لڑکیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ لڑکیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے تھیں تو ان کی کتنی امداد کی گئی؟ بیاہی گئی لڑکیاں اس وقت کس حال میں ہیں؟ ہر پہلو کی رپورٹ دیں۔
مراد علی شاہ نے کمشنر حیدر آباد کو انکوائری رپورٹ میں اپنی سفارشات دینے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر پہلو کی رپورٹ دیں تاکہ اس کا سدباب کیا جا سکے۔