پاکستان انجینئرنگ کونسل الیکشن کمیٹی نے پولنگ کا وقت 4 گھنٹے بڑھا دیا۔
انجینئرنگ کونسل الیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ پولنگ کاوقت 5 بجے سے بڑھا کر رات 9 بجے تک کر دیا گیا ہے۔
کمیٹی نے کہا کہ نادرا کا بائیو میٹرک نظام مکمل بحال ہو گیا ہے۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات میں کراچی میں پولنگ کا عمل تقریباً 3 گھنٹے معطل رہنے کے بعد بحال ہو گیا۔
پریزائیڈنگ افسر کا کہا ہے کہ پولنگ کا وقت 1 گھنٹہ بڑھا کر شام 6 بجے تک کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل ملک بھر میں نادرا کا بائیو میٹرک سسٹم ڈاؤن ہو گیا، نادرا کا بائیو میٹرک سسٹم ڈاؤن ہونے سے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات میں ووٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں نادرا لنک ڈاؤن ہونے سے انجینئرنگ کونسل الیکشن تعطل کا شکار ہے۔
اس حوالے سے انجینئر امیر ضمیر نے کہا ہے کہ انجینئرنگ کونسل الیکشن میں پولنگ 11 بجے کے بعد سے تعطل کا شکار ہے، نادرا کا لنک ڈاؤن ہے، ووٹ کاسٹ نہیں ہو پا رہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ یہ نادرا سسٹم پر سوالیہ نشان ہے، انجینئر پریشان ہیں، ووٹ کاسٹ نہیں ہو پا رہے۔
دی انجینئرز پینل کے امیدوار برائے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات کا عمل رک گیا۔
جاوید سلیم قریشی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گزشتہ 2 گھنٹوں سے پولنگ کا عمل تعطل کا شکار ہے، 3 صوبوں میں 90 منٹ پولنگ بند ہونے کے بعد شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تاحال پولنگ بند ہے، نادرا لنک ڈاؤن ہونے سے 148 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ تعطل کا شکار ہے، پی ای سی انتخابات اگر نادرا نہیں کرا سکتا تو ملک بھر میں عام انتخابات کیسے کرا سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس وقت نادرا کا لنک بیٹھا ہوا ہے، بائیو میٹرک کے بغیر انتخابات منظور نہیں، الیکشن فری فیئر اور شفاف ہونے چاہئیں، بائیو میٹرک کے ذریعے انتخابات قبول ہوں گے، سلیکشن قبول نہیں۔