وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ رﺅف حسن نے بھارتی صحافی کو اشتعال انگیز اور خوفناک پیغامات بھیجے، جس سے پی ٹی آئی کا ملک دشمنی پر مبنی ایجنڈا ایک بار پھر بےنقاب ہو چکا، فارن فنڈڈ اور ملک دشمن ایجنڈے پر کار بند جماعت غیر ملکی آقاؤں کا سہارا لے رہی ہے۔
اپنے بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں سوشل میڈیا سیل ملک دشمنوں سے روابط کا بڑا ذریعہ تھا۔ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سیل کے ذریعے فوج اور سپہ سالار کے خلاف مہم چلائی جا رہی تھی۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ رؤف حسن کے بھارتی صحافی سے رابطے ثابت کرتے ہیں کہ وہ ملک دشمن قوتوں کے کہنے پر مہم چلا رہے ہیں، فیض حمید بانی پی ٹی آئی کا اہم سیاسی مہرا ثابت ہوا ہے، ثابت ہوگیا کہ مُرشد کا موکل فیض تھا، ”فیض“ مرشد کا نہیں بلکہ ”فیض حمید“ کا تھا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ فیض نیازی گٹھ جوڑ کے تانے بانے بشریٰ بی بی سے ملتے ہیں جو اس گٹھ جوڑ کا ایک کردار تھیں۔ فیض، نیازی اور بشریٰ گٹھ جوڑ نے اپنے اپنے مذموم مقاصد کیلئے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔