پاکستان تحریکِ انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جلسہ ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اعظم سواتی نے جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جلسہ ملتوی کیا گیا، جلسے کی نئی تاریخ 8 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب سیکریٹری جنرل تحریکِ انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایت پر اسلام آباد جلسہ کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے۔
عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ حکومت جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کی کال دیے جانے پر پولیس نے فیض آباد اور ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا۔
اس کے علاوہ ڈبل روڈ اور 26 نمبر چورنگی کو بھی پولیس نے مکمل سیل کر دیا، جس کے باعث راستوں کی بندش سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ادھر وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت رات گئے امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امنِ عامہ برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے، احتجاج مناسب جگہ پر ہونا چاہیے، احتجاج سے عوام کے روز مرہ کے معمولات میں خلل نہیں پڑنا چاہیے۔