• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بااثر شخصیات کا سندھ کے جنگلات سے قبضہ ختم کرانے کا حکم

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے گمبٹ سوبوڈیرو کے علاقے میں جنگلات کی 24 ہزار ایکڑ زمین پر بااثر شخصیات کے قبضے کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے محکمۂ جنگلات و دیگر کو نوٹس جاری کر دیا اور سماعت ملتوی کر دی۔

عدالت نے شہری علی نواز انڑ کی دائر کردہ متفرق درخواست پر سماعت کی جس کے دوران سیکریٹری جنگلات اینڈ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے دورانِ سماعت مؤقف اختیار کیا کہ گمبٹ سوبوڈیرو کے علاقے میں جنگلات کی 24 ہزار ایکڑ زمین پر بااثر شخصیات کا قبضہ ہے، بااثر شخصیات جنگلات کی زمین پر کاشت کاری کر کے لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔

اس موقع پر کاربن کریڈٹ کی مد میں غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے ملنے والے فنڈز کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری جنگلات، جنگلات کی زمینوں سے قبضے ختم کرانے کے لیے اقدامات کریں، جنگلات کی زمینوں سے قبضہ ختم کرانے کے لیے رینجرز اور سیشن جج کی مدد بھی لی جائے، کے پی کے اور پنجاب میں جنگلات کی زمین کی حفاظت کے لیے فورس موجود ہے۔

سیکریٹری جنگلات نے بتایا کہ سندھ میں ترمیم کر کے ایسی ہی فورس بنانے کے لیے قانون میں ترمیم کی جا رہی ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکریٹری قانون اور جنگلات سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت تک پیش رفت نہ ہوئی تو عدالتی احکامات جاری کرے گی۔

عدالت نے اگلی سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید