• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترنول میں پولیس پر فائرنگ کے الزام میں پی ٹی آئی ایم این اے گرفتار

 
ارباب عامر ایوب: فوٹو فائل
ارباب عامر ایوب: فوٹو فائل

اسلام آباد کے علاقے ترنول میں پولیس پر فائرنگ کرنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ایم این اے ارباب عامر ایوب کو گرفتار کرلیا گیا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ ارباب عامر ایوب کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 8 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ایم این اے ارباب عامر ایوب کو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ارباب عامر ایوب کے ساتھ ایم پی اے کے امیدوار ملک شہاب بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کا اسلحہ اور گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ترنول میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے لیے جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیے گئے تھے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جلسہ ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اعظم سواتی نے جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جلسہ ملتوی کیا گیا، جلسے کی نئی تاریخ 8 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید