پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کھیلنے میں مصروف بنگلادیشی کرکٹ شکیب الحسن کےلیے مشکلات بڑھنے لگیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر شکیب الحسن کو فیکٹری ملازم کے قتل کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں سیریز کے دوران واپس ڈھاکا بلائے جانے کا امکان ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو شکیب الحسن پر درج قتل کے مقدمے سے متعلق لیگل نوٹس بھجوائے جانے پر صدر کرکٹ بورڈ فاروق احمد نے ردعمل دیا ہے۔
فاروق احمد نے کہا کہ شکیب الحسن کے خلاف درج ایف آئی آر کی کاپی موصول ہوگئی ہے تاہم بورڈ کو بھجوایا گیا لیگل نوٹس تاحال موصول نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شکیب الحسن کو وطن واپس بلانے کا فیصلہ پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد کیا جائے گا، فی الحال میچ کے دوران کرکٹر کو نہیں نکال سکتے ہیں۔
بی سی بی کے صدر نے یہ بھی کہا کہ ایف آئی آر کے مطابق تحقیقات ہوں گی اور کیس کو کسی ایک ڈائریکشن میں لے جایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی پاکستان سے سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ چل رہا ہے اور اس وقت کوئی فیصلہ لینے کا نہیں سوچا، کنٹریکٹ کے مطابق شکیب اور بورڈ کے درمیان تعلق کھلاڑی اور ملازم کا ہے۔
فاروق احمد نے کہا کہ پہلے میچ کے بعد دوسرے میچ میں کافی دن ہیں اور اس دوران ہم کوئی فیصلہ کرنے کے بارے میں سوچیں گے کہ کیا ہو سکتا ہے۔