• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1 سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آئیگی: اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری—فائل فوٹو
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری—فائل فوٹو

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی چوری ختم کرنے پر کمپنیوں کو فری ہینڈ دیں گے۔

ملتان میں میپکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ کمپنیوں کو اختیار ہوگا کہ چاہے کسی کو رکھیں یا نکالیں، ہمیں رزلٹ چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سختی سے ہدایت کی ہے ایک یونٹ کی غلطی بھی قابل برداشت نہیں ہو گی۔

اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری اسٹیٹ اور عوام کے لیے برداشت کے قابل نہیں ہے، کوشش کر رہے ہیں اس سال چوری کے نقصانات کم ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میپکو ریجن میں 15.6 فیصد بجلی چوری ہو رہی ہے، اسے ختم کرنا ہدف ہے، ہم نئے بورڈز کے ذریعے کمپنی میں صارف کو بہتر عزت دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ عام آدمی بھی ہمارے سسٹم میں کسی کام کے لیے کال کرے گا تو جلد رسپانس ملے گا، صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ شرح سود کم اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے، اس کا کیپسٹی پیمنٹ پر فرق پڑے گا، ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی۔

اویس لغاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے 200 سے 500 یونٹ صارفین کو ریلیف دیا ہے، حکومت پنجاب کا 45 ارب روپے کا ریلیف ہر مستحق تک پہنچائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید