• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکلات میں سب سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہو جانا چاہیے: یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ـــ فائل فوٹو
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ـــ فائل فوٹو

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اسلام آباد میں یوسف رضا گیلانی نے صحت آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور ادارے صحت سے متعلق آگاہی پر اکٹھے ہو کر کام کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی یوتھ کی اتنی تعداد ہے کہ وہ دنیا بدل سکتے ہیں، پاکستان کے ادارے پاکستان کی خاطر کام کر رہے ہیں، اس وقت قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، تمام سیاسی رہنما اپنے اختلافات بُھلا کر پاکستان کے لیے کھڑے ہوں۔

چیئرمین سینیٹ نے صحت آگاہی سیمینار کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اگر ہو رہے ہیں تو اچھی بات ہے، اختلافات بُھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ قومی معاملات پر سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کرنے چاہئیں، قومی معاملات پر تحریک انصاف کو بھی مذاکرات کرنے چاہئیں، وزیرِ اعظم کو اس وقت مذاکرات کو لیڈ کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مذاکرات کیے ہیں، چاہے وہ اپوزیشن میں ہو یا حکومت میں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے، ملک بدر تھے، ہم نے نواز شریف سے بات چیت کی، پیپلز پارٹی نے میثاقِ جمہوریت پر دستخط کیے تھے، اس وقت ٹیم کے کپتان شہباز شریف ہیں، انہیں فیصلے کرنے چاہئیں اور آگے بڑھنا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اس وقت ملک اور اتحاد کی بات کر رہا ہوں، پیپلز پارٹی تقسیم کی سیاست نہیں کرتی، ملک کے لیے مشکلات میں سب سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہو جانا چاہیے، وزیرِ اعظم اگر کوئی فیصلہ کریں گے اور بات کریں گے تو نیشنل سیکیورٹی کے معاملات پر ان کا ساتھ دیں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن زیرک سیاستدان ہیں اور ان سے دیرینہ وابستگی ہے۔

قومی خبریں سے مزید