• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں کل بارش کی پیشگوئی، پاکستان ٹیم کی مشکلات بڑھ گئیں

فوٹو بشکریہ کرک انفو/پی سی بی
فوٹو بشکریہ کرک انفو/پی سی بی

راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں دن کا کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ 

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم 172 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور مہمان ٹیم کو جیت کےلیے 185 رنز کا ہدف ملا۔ 

بارش اور خراب روشنی کے باعث چوتھے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا۔ اس موقع پر بنگلادیشی بیٹرز نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 42 رنز بنالیے تھے جبکہ وہ میچ میں فتح کے ساتھ سیریز سوئپ کرنے سے صرف 143 رنز دور ہیں۔ 

بنگلادیش ٹیم پہلے ہی دو میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرچکی ہے، تاہم اگر میچ ڈرا ہوجائے تو بھی بنگلادیشی ٹیم سیریز کی فاتح رہے گی۔ 

پاکستان ٹیم کو میچ جیتنے اور سیریز برابر کرنے کےلیے ہر قیمت پر 10 وکٹیں درکار ہیں۔ لیکن قومی ٹیم کی پریشانی میں اس وقت اضافہ ہوگیا جب محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں آج رات بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ کل صبح سے دوپہر تک بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 

اس کے باعث راولپنڈی ٹیسٹ کا پانچواں روز بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے، میچ کے ڈرا پر ختم ہونے پر بنگلادیش ٹیم پاکستان کے خلاف تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید