مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور مراد سعید میں رابطے کی خبر میں صداقت نہیں، مراد سعید کے پی کے انتظامی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کر رہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ کے پی کے معاملات پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا مکمل اختیار ہے، شکیل خان کے معاملے پر وزیر اعلیٰ نے مراد سعید سے کوئی بات چیت نہیں کی، شکیل خان سے متعلق فیصلہ گڈ گورننس کمیٹی رپورٹ کے تناظر میں کیا گیا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عاطف خان سے متعلق بھی وزیراعلیٰ کا مراد سعید سے کوئی رابطہ نہیں، مخالفین غلط خبریں پھیلا کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ مشعال یوسفزئی سمیت تمام رہنما پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے منظم ہیں، علی امین گنڈاپور انتظامی، سیاسی معاملات سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔