چین کے وزیراعظم لی چیانگ اگلے ماہ پاکستان کا 3 روزہ دورہ کریں گے، چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان 2 حصوں پر مشتمل ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے پہلے حصے کے تحت چینی وزیراعظم 14 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے، اس موقع پر پاک چین تعلقات اور دیگر امور زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق چینی وزیراعظم کے دورے کا دوسرا حصہ 15 اکتوبر سے کثیرالجہتی ہوگا، چینی وزیراعظم 15 اور16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق چینی وزیراعظم ایس سی او کے حکومتی سربراہان کے اجلاس میں چین کی نمائندگی کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ 11 سال بعد کسی بھی چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان ہوگا، چینی وزیراعظم کے اس دورے پر دونوں ممالک کے دوران کئی معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔