ماضی میں کچھ سائنسی تحقیقات میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ موبائل فون کا زیادہ استعمال دماغی کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔
اب حال ہی میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کی گئی ایک نئی تحقیق نے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔
تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ موبائل فون کے استعمال اور دماغی کینسر کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وائرلیس ٹیکنالوجی کے وسیع پیمانے پر استعمال کے باوجود دماغی کینسر کے کیسز میں اضافہ نہیں پایا گیا۔
تحقیق کے مطابق ایسے افراد جو اکثر لمبی فون کال کرتے ہیں یا ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے موبائل فون استعمال کرتے آ رہے ہیں، اُنہیں بھی دماغی کینسر کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اس حالیہ تحقیق کے دوران 1994ء سے 2022ء کے دوران شائع ہونے والی 10 ممالک کے 11 محققین کی 63 تحقیقات کا مطالعہ کیا گیا جن میں آسٹریلوی حکومت کی ریڈی ایشن پروٹیکشن اتھارٹی کے ماہرین بھی شامل تھے۔
تحقیق کے شریک مصنف اور نیوزی لینڈ کی یونیورسٹی آف آکلینڈ میں کینسر کے وبائی امراض کے پروفیسر مارک ایلوڈ نے بتایا کہ موبائل فونز، ٹیلی ویژن اور دیگر ڈیوائسز میں استعمال ہونے والی ریڈیو فریکوئنسی سے دماغی کینسر کا خطرہ بڑھنے کے شواہد نہیں ملے۔
محققین نے اس حوالے سے ابھی مزید تحقیق کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔