بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک اسکول میں طالب علم کی جانب سے بریانی لائے جانے پر اسے اسکول سے نکال دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے ضلع امروہہ میں ایک 7 سالہ بچے کو مبینہ طور پر نان ویج (گوشت والی) بریانی لانے پر اسے اسکول سے نکال دیا گیا۔
بچے کی والدہ کی جانب سے اسکول پرنسپل کی شکایت پر معاملے کی تحقیقات کیلئے امروہہ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔
طالب علم کی والدہ نے پرنسپل پر الزام لگایا کہ ان کے بچے کو مبینہ طور پر مارا پیٹا اور ایک خالی کمرے میں بند کر دیا گیا، جس کی پرنسپل نے تردید کی ہے۔
اسکول پرنسپل کی جانب سے بچے کے بارے میں توہین آمیز کلمات بھی ادا کیے گئے اور اسے پڑھانے سے منع بھی کردیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد امروہہ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے ضلعی انسپکٹر آف اسکولز اور بیسک شکشا ادھیکاری کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔
امروہہ کے ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکولز (DIOS) وی پی سنگھ نے کہا کہ بچے کی والدہ نے شکایت درج کروائی ہے کہ ان کے بیٹے کو پرنسپل نے مارا پیٹا اور اسے مذہبی شدت پسند کہا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچے کا نام اسکول کے رجسٹر سے خارج کر دیا اور کہا گیا کہ اسے دوبارہ اسکول آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
امروہہ مسلم کمیٹی نے بھی یونین وزیر تعلیم کو ایک میمورنڈم بھیجا ہے جس میں پرنسپل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔