بھارتی ایتھلیٹ اور حالیہ پیرس اولمپکس میں اپنے ملک کےلیے میڈل جیتنے والی مانو بھاکر نے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی رومانوی فلموں کے بارے میں ایسی بات کہہ دی کہ امیتابھ اس پر ردِ عمل دیے بغیر نہ رہ سکے۔
اولمپک میڈلسٹ مانو بھاکر اور امان سہراوت نے حال ہی میں کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیزن 16 میں شرکت کی جہاں شو کی خصوصی قسط ’جیت کا جشن‘ میں میزبان امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی دلچسپ بات چیت ہوئی۔
شو کے دوران شاہ رخ خان کی فلم دل تو پاگل ہے کا ٹائٹل ٹریک چلایا گیا، جس پر مانو سے پوچھا گیا ’اس فلم میں کون سا اداکار ہے؟‘ تو مانو نے جواب دیا ’محبت اور رومانس کی بات ہو تو شاہ رخ خان کا نام ہی آتا ہے۔‘
اس پر امیتابھ بچن نے مزاحیہ انداز میں کہا ’ایسا ہے دیوی جی کہ ہم نے بھی فلموں میں کافی پیار محبت کیا ہے۔‘ ان کے اس جواب پر سب ہنس پڑے۔
ایسے میں مانو بھاکر نے امیتابھ بچن سے کہا ’آپ کا نام سوال میں نہیں تھا سر۔‘
ایک اور ویڈیو میں مانو بھاکر نے امیتابھ بچن کا مشہور مکالمہ محبتیں سے پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ مانو بھاکر نے پیرس 2024 میں دو میڈل جیت کر تاریخ رقم کی، اور وہ تقسیم ہند کے بعد پہلی بھارتی خاتون ایتھلیٹ بنیں جنہوں نے ایک اولمپکس میں دو میڈل حاصل کیے۔