پاکستانی اداکارہ شامین خان نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں کئی بار سچی محبت ہوئی ہے۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اداکارہ نے شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات چیت کی۔
دوران گفتگو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شامین خان نے کہا کہ کسی کو بھی محبت کئی بار ہو سکتی ہے۔
انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کئی بار محبت ہوئی ہے اور جب بھی ہوئی سچی محبت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ تعداد اہمیت نہیں رکھتی، میں جب بھی کسی کی محبت میں گرفتار ہوئی ہوں ہر بار سچی اور مخلص رہی ہوں، مجھے یاد نہیں کہ مجھے کتنی بار محبت ہوئی لیکن یہ کہہ سکتی ہوں کہ ہر بار سچی محبت ہوئی ہے، دل سے ہوئی ہے کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں کبھی ڈھکی چھپی محبت پر یقین نہیں رکھتی، مجھے جتنی بار بھی مبحت ہوئی ہے، میں نے اپنے خاندان میں سب کو بتایا ہے کیونکہ میں محبت کا اظہار کھل کر کرنے پر یقین رکھتی ہوں۔
شامین خان نے کہا کہ محبت ایک ایسا جذبہ ہے جس کا اظہار جب تک کھل کر نہ کیا جائے تو مزہ نہیں آتا۔
انہوں نے ساتھ ہی محبت کرنے والوں کو پیغام دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ محبت کرتے وقت انسان کے اندر اتنی ہمت ہونی چاہیے کہ جیسے ہی اسے اندازہ ہو کہ سامنے والا لمبے عرصے تک آپ کا ساتھ نہیں نبھا سکتا تو اپنا راستہ الگ کرسکے۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کا ایک بریک اپ اتنی سنگین صورتِ حال اختیار کر گیا تھا کہ جس کے بعد انہیں شدید ذہنی تناؤ سے گزرنا پڑا، لیکن ایسا ایک ہی بار ہوا اور پھر سیکھ لیا کہ اگر سامنے والا آپ کے ساتھ سنجیدہ نہیں ہے، طویل عرصے ساتھ نہیں نبھا سکتا ہے تو آپ خود اس سے الگ ہوجائیں۔