ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی نژاد برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ سے برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی یہ ملاقات پاکستان ہاؤس لندن میں ہوئی۔ ڈپٹی اسپیکر دارالعوام نصرت غنی سمیت برطانوی اراکین پارلیمنٹ عشایے میں شریک ہوئے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق عشائیہ پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کی جانب سے دیا گیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستانی نژاد برطانوی اراکین پارلیمنٹ کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخ، ثقافت اور مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد اراکین پارلیمنٹ کی تعداد 15 ہونا برطانوی جمہوریت کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کی اقتصادی بحالی کےلیے حکومتی روڈ میپ پر بریفنگ دی اور کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کےلیے پاکستان نے بھاری جانی ومالی قربانیاں دیں۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ترقی کے سفر میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرے گی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام پر مظالم کیخلاف آواز اٹھائی۔