گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کُنڈی نے صوبے میں نئے مشیروں کی تعیناتی مسترد کر دی۔
فیصل کریم کنڈی نے سمری صوبائی حکومت کو واپس بھجوا دی۔
گورنر نے لکھا کہ آئین کے آرٹیکل 130 کی شق (11) کے تحت کوئی وزیراعلیٰ پانچ سے زیادہ مشیروں کی تقرری نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی کابینہ میں ایک مشیر اور 3 معاونین خصوصی کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کابینہ میں اضافے سے متعلق سمری پر دستخط کرکے منظوری کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ارسال کی تھی۔