مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ کل پی ٹی آئی کے کارکنوں نے حکومت کا 9 مئی کا پلان ناکام بنا دیا۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پُرامن کارکنوں پر شیلنگ کی گئی اور لاٹھیاں برسائی گئیں، متعین راستے بند کر کے کارکنوں کو مشتعل کرنےکی کوشش کی گئی۔
اُنہوں نے کہا کہ پولیس پر پتھراؤ کی جھوٹی کہانی بنائی گئی، حکومت نے پی ٹی آئی کو آئندہ جلسے کے لیے این او سی نہ دینےکا بہانہ بنانا تھا۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے یہ بھی کہا کہ جلسے سے ثابت ہوا کہ جعلی حکومت کتنی حواس باختہ ہو چُکی ہے، جو اپنی نااہلی کی وجہ سے گرے گی۔