بالی ووڈ کے نامور اداکار اکشے کمار اور ہدایتکار پریادرشن ایک بار پھر 14 سال بعد ساتھ نظر آئیں گے جس کے بارے میں اکشے کمار نے اپنی 57ویں سالگرہ پر مداحوں کو ایک پیغام جاری کردیا۔
ان کی فلم بھوت بنگلہ کا پہلا پوسٹر جاری کردیا گیا ہے، جس میں اکشے ایک آسیب زدہ حویلی کے سامنے کالے رنگ کی بلی کے ساتھ نظر آ رہے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اکشے بلی کے برتن سے دودھ پیتے دکھائے گئے ہیں۔
اکشے نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا کہ آپ سب کی محبت کا شکریہ! اس سال کو ’بھوت بنگلہ‘ کے پہلے لُک کے ساتھ منا رہا ہوں۔ 14 سال بعد پریادرشن کے ساتھ کام کرنے کےلیے بےحد پُرجوش ہوں۔ یہ خوابیدہ تعاون طویل انتظار کے بعد ہو رہا ہے۔
مداحوں کا جوش و خروش اس پوسٹ کے بعد مزید بڑھ گیا اور اب مداح اکشے اور پریادرشن کی اس فلم کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
ایک مداح نے اکشے کی پوسٹ پر لکھا ’لیجنڈری ری یونین‘ جبکہ کسی اور نے لکھا کہ وہ اسکےلیے ’بہت پرجوش ہیں‘۔
اکشے کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ مداحوں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے اپنے خاص دن پر مداحوں کےلیے اس پوسٹر کو ایک تحفہ قرار دیا۔
اکشے کمار اور پریادرشن نے ماضی میں ’ہیرا پھیری‘، ’گرم مصالحہ‘، ’بھاگم بھاگ‘ اور ’بھول بھلیاں‘ جیسی کامیاب فلمیں کی ہیں۔
اور اب یہ جوڑی ’بھوت بنگلہ‘ میں واپس آ رہی ہے، جسے مداح ’بھول بھلیاں 2.0‘ قرار دینے کے ساتھ ساتھ اکشے کی مسلسل فلاپ فلموں کا جمود توڑنے کیلئے ایک امید قرار دے رہے ہیں۔
فلم 2025 میں ریلیز کی جائے گی جس کی شوٹنگ جلد ہی شروع ہونے والی ہے۔