تحریک انصاف کے اراکین کی پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتاری کے معاملہ پر سیکریٹری قومی اسمبلی نے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو معاملے کی تحقیقات کے لیے خط لکھ دیا۔
خط کے متن کے مطابق 9 اور 10 ستمبر کی درمیانی شب کچھ اراکین اسمبلی کو مبینہ طور پر پارلیمنٹ کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ہاؤس کے تقدس کی مبینہ خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
متن کے مطابق وزارت داخلہ پارلیمنٹ کی حدود سے اراکین اسمبلی کی گرفتاریوں کے حوالے سے تحقیقات کرے۔
خط کے متن کے مطابق وزارت داخلہ معاملے کی تحقیقات کر کے 7 روز میں اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کرے۔
واضح رہے کہ پیر کی رات اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ کے باہر سے پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا تھا۔
ارکان قومی اسمبلی کی گرفتاریوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی، کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکریٹری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی میں جوائنٹ سیکریٹری ارشد علی، رضوان اللّٰہ اور قائمقام سارجنٹ ایٹ آرمز راجہ فرحت عباس کمیٹی میں شامل ہوں گے۔