راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انجمن تاجران مری روڈ نے انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث بالخصوص وارث خان کے علاقہ میں دکانوں میں داخل ہونے والے پانی کے نتیجہ میں مالی نقصان پر تشویش کا اظہار کیا ہے، یونین کے صدر حاجی شیر زمان، صدر ملک منیر اور سینئر نائب صدر محمد بشارت جاوید سمیت دیگر عہدیداروں نے کہا کہ میٹرو بس کی تعمیر اور مری روڈ کو اونچا کئے جانے کی وجہ سے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی جس روز بارش ہوتی ہے پوری سڑک کا پانی وارث خان کے علاقہ میں واقع دکانوں میں داخل ہوکر نقصان کا باعث بن رہا ہے مگر بار بار کی اپیلوں کے باوجود انتظامیہ اس طرف توجہ نہیں دے رہی، دکانداروں نے کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ میں پائپ ڈال کر اس مسئلہ کو حل کیا جائے علاوہ ازیں سڑک کے ارد گرد گزرنے والے نالے جو گندگی سے اٹے پڑے ہیں ان کی بھی صفائی کروائی جائے۔